Get Alerts

پنجاب حکومت کا گنے کی کرشنگ نہ کرنے والی شوگر ملز کے خلاف سخت ایکشن پلان

پنجاب حکومت کا گنے کی کرشنگ نہ کرنے والی شوگر ملز کے خلاف سخت ایکشن پلان

لاہور : پنجاب حکومت نے شوگر ملز کے خلاف سخت اقدامات کا آغاز کر دیا ہے، جنہوں نے کرشنگ سیزن شروع نہ کیا۔ کین کمشنر پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ کرشنگ نہ کرنے والی شوگر ملز پر روزانہ 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس فیصلے کا مقصد کسانوں کو بروقت ادائیگی اور چینی کی قیمتوں میں استحکام لانا ہے۔

اب تک پنجاب کی 27 شوگر ملوں نے کرشنگ کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ باقی 14 ملز کو چیک کرنے کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کرشنگ سیزن کی نگرانی کے لیے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں ضلعی افسران بھی شامل ہیں تاکہ کسانوں کو بروقت گنے کی ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

کین کمشنر پنجاب نے مزید کہا کہ شوگر ملز کے کرشنگ شروع کرنے سے چینی کی قیمتوں میں کمی آنا متوقع ہے، اور قیمتوں میں استحکام سے عوام کو سستی چینی ملے گی۔

ترجمان پرائس کنٹرول کموڈٹیز مینجمنٹ پنجاب کے مطابق، مکہ، مدینہ، بابا فرید، ہنزہ، رمضان، نون، چنیوٹ، طارق کارپوریشن، صفینہ، ہنزہ جھنگ، کشمیر، لیہ، تاندلیاں والا، جوہر آباد، سیون سٹار شوگر ملز نے کرشنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ مزید 11 شوگر ملز رواں ہفتے کے دوران کرشنگ شروع کریں گی۔ ڈی سی لیول پر کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جو ہفتہ وار بنیادوں پر ملوں کی کرشنگ رپورٹ فراہم کریں گی۔

اس کے علاوہ، کسانوں کی ادائیگی کے لیے ضلعی سطح پر ڈیسک قائم کر دیئے گئے ہیں تاکہ کسانوں کو ان کا حق بروقت مل سکے۔

ٹیگز: