Get Alerts

صدر اور وزیراعظم پاکستان کا باہمی احترام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

صدر اور وزیراعظم پاکستان کا باہمی احترام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج "برداشت کا عالمی دن" منایا جا رہا ہے۔ یہ دن 1995 سے یونیسکو کے زیر اہتمام منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد عدم برداشت کے خطرات کے بارے میں عوامی آگاہی پیدا کرنا اور مختلف ثقافتوں اور معاشروں کے درمیان احترام اور مفاہمت کو بڑھانا ہے۔

یومِ برداشت کے موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کا آئین مذہبی آزادی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کی مکمل ضمانت دیتا ہے، اور پاکستان رواداری، امن اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام انسانیت، شفقت اور عدل کا پیغام دیتا ہے، اور حکومت سماجی و مذہبی استحصال کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ صدر زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ غیر مسلم شہریوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔

آصف علی زرداری نے نیشنل کمیشن فار مائنارٹیز رائٹس بل 2025 کو ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بل اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط قدم ثابت ہو گا۔

انہوں نے تمام شہریوں، خاص طور پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ہر قسم کے تعصب، امتیاز اور نفرت کے خلاف آواز بلند کریں۔ صدر مملکت نے علمائے کرام، اقلیتی رہنماؤں اور میڈیا سے بھی درخواست کی کہ وہ محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے پیغام کو عام کریں تاکہ پاکستان کو ایک ایسا ملک بنایا جا سکے جہاں سماجی ہم آہنگی اور اتحاد قومی شناخت بن جائے۔

ٹیگز: