پاکستانی فورسز پر دہشتگردوں کا حملہ، امریکی سفارتخانے کی شدید مذمت

پاکستانی فورسز پر دہشتگردوں کا حملہ، امریکی سفارتخانے کی شدید مذمت

اسلام آباد: امریکی سفارتخانے نے پاکستانی فورسز پر دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان اور بلوچستان حملوں کے متاثرین کے دکھ میں برابر شریک ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ شمالی وزیرستان میں پاکستان آرمی کے قافلےاور بلوچستان میں سکیورٹی اہلکاروں پر دہشت گرد انہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ ہم ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمی ہونے والوں کی جلدصحت یابی کے لئے دعاگو ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے اورماڑہ کے نزدیک کوسٹل ہائی وے پر دہشتگردوں کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ جھڑپ میں چودہ سیکیورٹی اہلکار اور گارڈز شہید ہو گئے تھے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ مقابلہ اس وقت ہوا جب او جی ڈی سی ایل کے قافلے کو حفاظت میں گوادر سے کراچی لے جایا جا رہا تھا کہ دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے کا موثر انداز میں جواب دیا اور او جی ڈی سی ایل کے عملے کی سلامتی یقینی بناتے ہوئے انہیں علاقے سے بحفاظت نکال لیا۔ جھڑپ کے دوران دہشت گردوں کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ اُدھر وزیراعظم عمران خان نے مکران کوسٹل ہائی وے پرآئل اینڈگیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے اورواقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے حملے میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کااظہار کیا ہے اور شہداء کی خدمات کو سراہا ہے۔ اطلاعات ونشریات کے وزیر شبلی فراز نے بھی ایک ٹویٹ میں حملے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ قوم کی سلامتی اور دفاع کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء ہمارا فخر ہیں۔