لاہور: سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات 2025 کے لیے پولنگ کا عمل آج صبح 8:30 بجے سے شروع ہو گیا ہے، جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ اس سالانہ انتخابات میں سپریم کورٹ بار کے صدر، سیکرٹری اور نائب صدر پنجاب کی اہم سیٹوں پر وکلا کے درمیان سخت مقابلہ ہو رہا ہے۔
صدر کی سیٹ کے لیے ہارون الرشید اور توفیق آصف آمنے سامنے ہیں، جب کہ سیکرٹری کے لیے میاں عرفان اکرم اور ملک زاہد اسلم اعوان کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔ نائب صدر پنجاب کی سیٹ پر محمد حبیب قریشی، چوہدری ارشد حسین اور خالد مسعود سندھو کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔
ملک بھر میں 13 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں مجموعی طور پر 4,379 وکلا اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ لاہور میں 1,460، اسلام آباد و راولپنڈی سے 805، خیبرپختونخوا سے 593، سندھ سے 741، بلوچستان سے 322، ملتان سے 315 اور بہاولپور سے 145 وکلا ووٹ ڈالیں گے۔
انتخابات کے نتائج سپریم کورٹ بار کے آئندہ ایک سال کے انتظامی فیصلوں میں اہم کردار ادا کریں گے، اور وکلا کی تنظیم کی قیادت کا تعین کریں گے۔