واشنگٹن: پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی وزیر خزانہ محمد عبداللہ عبدالعزیز الجدعان سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارتی تعلقات اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ پر بات چیت کی۔ ملاقات کے دوران، آئی ایف سی اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے کردار پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد اورنگزیب نے سعودی وزیر خزانہ کو پاکستان کی قومی ایئر لائن اور ہوائی اڈوں کی نجکاری پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سعودی ہم منصب سے درخواست کی کہ وہ پاکستان میں جاری انفراسٹرکچر منصوبوں میں مدد فراہم کریں۔
وزیر خزانہ نے اس موقع پر یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان آئی ایم ایف کے پروگرام کے تحت اپنے اصلاحاتی ایجنڈے پر سنجیدگی سے عمل کر رہا ہے، اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے حکومت مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
دونوں وزرائے خزانہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات صرف روایتی دوستی تک محدود نہیں ہیں، بلکہ دونوں ممالک کے درمیان ایک سٹریٹیجک اقتصادی شراکت داری کے وسیع امکانات موجود ہیں جنہیں مزید فروغ دیا جائے گا۔