با اثر قانونی شخصیت نیب پر ریفرنس دائرکرنے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے :احسن اقبال

با اثر قانونی شخصیت نیب پر ریفرنس دائرکرنے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے :احسن اقبال

لاہور: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ با اثر قانونی شخصیت نیب پر ریفرنس دائرکرنے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے اور نیب کو مجبور کیا گیا کہ حدیبیہ کیس کو کھولا جائے۔ اگر 10 یا 15 سال پرانے کیس کھولنے کی روایت پڑی تو انارکی پھیلے گی۔


لاہور میں میڈیا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا پاکستان کے آئین میں ہر ادارے کی حدود کا تعین کیا گیا ہے لیکن پارلیمان کو بے وقعت کیا جارہا ہے کچھ ادارے پارلیمان کی حدود میں داخل ہوکر پارلیمنٹ کے حقوق غضب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ نوازشریف نے اپنے منصب کا خیال نہ کرتے ہوئے تین نسلوں کو احتساب کے لیے پیش کیا لیکن انہیں بحیثیت وزیراعظم ہٹا دیا گیا اور اپیل کا حق بھی نہیں دیا گیا جبکہ آرٹیکل 10 اے اس بات کو پابند کرتا ہے کہ شفاف ٹرائل ہر شخص کا بنیادی حق ہے نائب قاصد کوبھی برطرف کیا جاتا ہے تواس کواپیل کا حق ہوتا ہے،چیف ایگزیکٹو کو برطرف کرنے کے بعد اپیل کا ایک بھی حق نہ ملنا کیا یہ قانون کی حکمرانی ہے؟ کاش پرویزمشرف کے معاملے پر بھی کوئی مانیٹرنگ جج مقررہوتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا گمان ہے نواز شریف کیخلاف فیصلے پر تاریخ اپنا نکتہ نظر مختلف دے گی، جمہوری قیادت کا تعلق عوام سے ہے، عوام کی عدالت بھی نواز شریف کے ساتھ ہونے والی ذیادتی دیکھ رہی ہے، نواز شریف کیساتھ جتنی زیادتی ہوئی اتنا ہی ان کے سیاسی قد میں اضافہ ہواہے، پاکستان میں چند بقراط اور سقراط مایوسی کی باتیں پھیلاتے ہیں، ہمارے ملک کا استحکام اور یکجہتی قائم رہے گی توکوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی، عدالتی فیصلے اور ٹاک شو دیکھ کر ووٹ دینے کا فیصلہ نہیں کیا جاتا عوام خدمت کو دیکھ کر ووٹ دیتے ہیں، آئندہ انتخابات کارکردگی کی بنیاد پر ہوگا اور ایک ہی سوال ہوگا کہ کیا 2018 کا پاکستان 2013 سے بہترہے یا نہیں؟