کیلیفورنیا: گوگل نے اپنی جیمنائی ایپ اور ویب سائٹ میں ایک جدید اے آئی امیج ایڈیٹنگ ٹول "نانو بنانا" متعارف کروایا ہے، جو اب چیٹ جی پی ٹی کو سخت مقابلہ دے رہا ہے۔ اس کی مقبولیت میں تھری ڈی فگرین کے جدید رجحان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
نانو بنانا کو اگست 2025 کے آخر میں لانچ کیا گیا، جس کی مدد سے صارفین اپنی تصاویر کو آسانی اور تخلیقی انداز میں بدل سکتے ہیں۔ اس ٹول کے ذریعے گھر کی دیواروں پر مختلف رنگوں کی جھلک دیکھنا، 60 کی دہائی کے فیشن میں خود کو تبدیل کرنا یا مستقبل میں چہرے پر آنے والی جھریوں کا اندازہ لگانا ممکن ہے۔
گوگل لیبز اور جیمنائی کے نائب صدر جوش ووڈ وارڈ نے بتایا کہ نانو بنانا کے لانچ کے بعد صرف دو ہفتوں میں جیمنائی ایپ کے صارفین کی تعداد میں 23 ملین کا اضافہ ہوا، اور اس دوران 5 ارب سے زائد تصاویر کو اس ٹول کے ذریعے تبدیل کیا گیا۔
جیمنائی ایپ امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، فرانس، آسٹریلیا، جرمنی، اٹلی اور بھارت سمیت کئی بڑے ممالک میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپ بن گئی ہے، جبکہ چیٹ جی پی ٹی دوسرے نمبر پر چلا گیا ہے۔
زائد استعمال کی وجہ سے گوگل نے نانو بنانا ایڈیٹر پر عارضی پابندی بھی عائد کی ہے۔
نانو بنانا کی مقبولیت کی وجہ اس کا آسان استعمال، تیز رفتار اور صارف دوست انٹرفیس ہے۔ تھری ڈی فگرین کا فیچر بھی اس کی شہرت میں نمایاں اضافہ کا باعث بنا ہے۔