جاپان : پاکستانی کھیلوں کی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون ایشین گیمز میں قومی دستے کی قیادت کریں گی۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی سینیئر نائب صدر اور شیف ڈی مشن فاطمہ لاکھانی نے اس ذمہ داری کو اپنے لیے باعثِ فخر اور اعزاز قرار دیا ہے۔
جاپان روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ لاکھانی نے کہا کہ پاکستان کو ایتھلیٹکس، کبڈی، کرکٹ، سکواش، شوٹنگ، ہاکی، والی بال اور باکسنگ سمیت مختلف کھیلوں میں میڈلز کی امید ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز میں شریک کھلاڑی اور آفیشلز پاکستان کے سفیر ہیں، اس لیے انہیں کھیل کے ساتھ نظم و ضبط اور سپورٹس مین سپرٹ کا بھی مظاہرہ کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ پاکستان پہلی مرتبہ ٹرائی تھالون میں بھی شرکت کر رہا ہے، جبکہ ہنزہ کی انیشا علی مکسڈ ریلے ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کریں گی۔