کراچی: پولیس کی مبینہ فائرنگ سے بچہ ہلاک، والد نے ایف آئی آر مسترد کر دی

کراچی: پولیس کی مبینہ فائرنگ سے بچہ ہلاک، والد نے ایف آئی آر مسترد کر دی
کیپشن: بچے کو لگنے والی گولی اس کے والد کو بھی چھو کر گزری۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

کراچی: کراچی کے علاقے صفورا چورنگی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران گولی لگنے سے جاں بحق ڈیڑھ سالہ احسن کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا جب کہ مقتول کے والد نے ایف آئی آر مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

گزشتہ روز فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے کمسن احسن کا پوسٹ مارٹم جناح اسپتال میں کیا گیا جس کے مطابق بچے کو دائیں جانب سے سینے میں گولی لگی جو بائیں جانب کمر سے پار ہو گئی۔

بچے کو لگنے والی گولی اس کے والد کو بھی چھو کر گزری۔ واقعے کا مقدمہ بچے کے والد کی مدعیت میں سچل تھانے میں چار نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا جس میں اقدامِ قتل اور قتلِ خطا کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

اس حوالے سے احسن کے والد کاشف راجہ کا کہنا تھا کہ واقعے کا مقدمہ مرضی کے مطابق درج نہیں کیا گیا بلکہ تھانے میں بلوا کر کہا گیا کہ مقدمے پر دستخط کر دیں۔ ہمیں نہیں معلوم ایف آئی آر میں کیا لکھا گیا ہے۔