وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اہم دورے پر یواے ای پہنچ گئے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اہم دورے پر یواے ای پہنچ گئے
کیپشن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آج اہم دورے پر یواے ای جائیں گے
سورس: file

اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تین روزہ سرکاری دورے پر  یواے ای پہنچ گئے ہیں۔ ایئرپورٹ پر اماراتی حکام نے وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران ، وزیر خارجہ اپنے ہم منصب شیخ عبد اللہ بن زاید النہیان اور متحدہ عرب امارات کے دیگر معززین سے ملاقات کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے دورے کے حوالے سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کے تین روزہ سرکاری دورے پر آج روانہ ہو رہے ہیں اس دورے کے دوران ، وزیر خارجہ اپنے ہم منصب شیخ عبد اللہ بن زاید النہیان اور متحدہ عرب امارات کے دیگر معززین سے ملاقات کریں گے۔ 

وزیر خارجہ پاکستانی تارکین وطن  سےبھی ملاقات کریں گے اور مقامی اور بین الاقوامی میڈیا سے بات چیت کریں گے۔ وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات کی قیادت سے باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون ، پاکستانی افرادی قوت کے لئے ملازمت کے مواقع اور پاکستانی رہائشیوں کی فلاح و بہبود پر مشاورت کریں گے۔ وہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔


 متحدہ عرب امارات میں بیرون ملک دوسری بڑی پاکستانی کمیونٹی ہے۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات مضبوط برادرانہ تعلقات سے ُ منسلک ہیں جس کی جڑیں مشترکہ عقیدے اور مشترکہ تاریخ اور اقدار سے ملتی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح کے دوروں نے دو طرفہ تعاون اور وسیع امور پر باہمی تعاون کو مزید تقویت پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ دبئی میں پاکستانی اور بھارتی عہدیداروں کے درمیان آخری ملاقات کے فالو اپ پر توجہ دینے کے علاوہ   وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستانیوں کے ویزوں کا معاملہ بھی اٹھائیں گے جسے متحدہ عرب امارات نے روک دیا ہے۔ یہ معاملہ اس وقت بھی اٹھایا گیا تھا جب وزیر خارجہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے دورے پر گئے تھے اور یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ پابندی جلد ہی ختم کردی جائے گی۔