زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید کا ایف آئی اے حکام کے ساتھ جارحانہ رویہ

زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید کا ایف آئی اے حکام کے ساتھ جارحانہ رویہ
کیپشن: انور مجید اورعبدالغنی نے اہلکار سے ہتھکڑی چھین کر فرش پر پھینک دی۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

کراچی: اومنی گروپ کے مالک اور سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوست انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی مجید کو ایف آئی اے کی ٹیم خصوصی طیارے میں لے کر کراچی ایئرپورٹ پہنچی۔

تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ لاؤنج میں وفاقتی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اہلکار نے عبدالغنی کو ہتھکڑی پہنانے کی کوشش کی جس پر انور مجید اورعبدالغنی نے اہلکار سے ہتھکڑی چھین کر فرش پر پھینک دی۔

بعد میں دونوں کو ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل منتقل کر دیا گیا۔ آج ایف آئی اے کی جانب سے دونوں کو عدالت میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔

دونوں کو ایف آئی اے نے سپریم کورٹ سے درخواست ضمانت مسترد ہونے پرکمرہ عدالت سے گرفتار کیا تھا۔

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار اومنی گروپ کے مالک انور مجید اور ان کے صاحبزادے عبدالغنی کو اسلام آباد سے کراچی پہنچایا گیا۔

دوسری جانب ایف آئی اے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے دوست انور مجید کے اکاؤنٹس، 12 فیکٹریاں اور شوگر ملز سیل کی جا چکی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس میں پائی جانے والی رقم 44 ارب کے شواہد مل گئے ہیں جبکہ 100 ارب سے زائد کی ترسیل کے شواہد ملنے کا امکان ہے۔

جعلی اکاؤنٹس کے علاوہ اومنی گروپ کے خلاف بھی الگ سے تحقیقات ہونگی۔ جعلی اکاؤنٹس کے مقدمے میں ہی منی لانڈرنگ کی دفعہ عائد کی جائے گی۔