لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر لاہور میں پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد تک کمی کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچانا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کرایوں میں کمی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام جنرل بس اسٹینڈز اور اڈوں پر نیا کرایہ نامہ نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے گا۔
خلاف ورزی کرنے والی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اب تک 10 گاڑیاں تھانوں میں بند، 7 گاڑیوں کے چالان، اور 80 ہزار روپے جرمانہ کیا جا چکا ہے۔ نئے کرایوں پر عمل درآمد کے لیے خصوصی اسکواڈز بھی تشکیل دے دیے گئے ہیں۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کہیں پر پرانے کرایے وصول کیے جا رہے ہوں تو وہ محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کی ہیلپ لائن 1071 پر شکایت درج کرا سکتے ہیں۔