اسلام آباد:اسلام آباد اور راولپنڈی میں حالیہ تیز بارشوں کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس کے پیش نظر ریسکیو حکام نے جڑواں شہروں میں ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق، بارشوں کے مزید سلسلے کے پیش نظر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو نالہ لئی اور دیگر نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ کٹاریاں، گوالمنڈی اور دیگر حساس علاقوں میں بھی ریسکیو ٹیمیں متعین کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے نمٹا جا سکے۔
ریسکیو حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران نالہ لئی اور بجلی کے کھمبوں کے قریب نہ جائیں اور بچوں کو ان علاقوں میں جانے سے روکیں۔ مزید یہ کہ کمزور اور خستہ حال چھتوں کے نیچے پناہ نہ لیں اور بارش کے دوران ندی نالوں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔ حکام نے اربن فلڈنگ سے قبل محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ایم ڈی واسا کے مطابق، گزشتہ رات سے اب تک اسلام آباد اور راولپنڈی میں مجموعی طور پر 80 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 15 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جب کہ گوالمنڈی پل پر پانی کا بہاؤ 11 فٹ ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس سے اربن فلڈنگ کے خطرات مزید بڑھ گئے ہیں۔