ممبئی : بالی ووڈ اداکار اور فلمساز سہیل خان کے وزن میں نمایاں کمی نے حالیہ دنوں مداحوں کی توجہ حاصل کی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی صحت اور وزن کم کرنے کے طریقے سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں سہیل خان نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہوں نے تقریباً 12 کلو وزن کم کرنے کے لیے نہ تو اوزیمپک استعمال کیا اور نہ ہی کسی قسم کے فیٹ برنر کا سہارا لیا۔
اداکار نے بتایا کہ ایک رئیلٹی شو میں شرکت کے پہلے ہی ہفتے انہیں پیٹ کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث ان کے کھانے پینے کے معمولات میں تبدیلی آگئی۔ ان کے مطابق یہی تبدیلی رفتہ رفتہ وزن میں کمی کا سبب بنی۔
سہیل خان نے کہا کہ کسی رئیلٹی شو میں پہلی مرتبہ شرکت کے باعث ابتدائی دنوں میں انہیں کچھ گھٹن اور بے آرامی بھی محسوس ہوئی، تاہم شو میں موجود دیگر امیدواروں نے ان کا خیال رکھا اور بھرپور تعاون کیا، جس کی بدولت وہ تقریباً پانچ ہفتوں تک پروگرام کا حصہ رہے۔
ان کے مطابق شو کے دوران مختلف چیلنجز میں حصہ لینے اور خود کو متحرک رکھنے کے لیے انہیں اپنی خوراک پر خاص توجہ دینا پڑی۔ اسی دوران ان کا وزن بتدریج کم ہوتا گیا اور مجموعی طور پر تقریباً 12 کلو تک کمی واقع ہوئی۔
اس سے قبل سہیل خان نے اپنے بھائی سلمان خان کی ’الائنس‘ میں موجودگی کے دوران بھی بتایا تھا کہ رئیلٹی شو کے دوران ان کا وزن 12 کلو کم ہوا۔
شو کے اختتام پر سہیل خان کی بدلی ہوئی جسامت سامنے آنے کے بعد مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا، جبکہ بعض صارفین نے یہ قیاس بھی کیا کہ شاید انہوں نے وزن کم کرنے والی ادویات استعمال کی ہیں۔ تاہم اداکار نے واضح کر دیا کہ ان کے وزن میں کمی کی وجہ اوزیمپک یا فیٹ برنرز نہیں بلکہ شو کے دوران پیش آنے والی طبی تکلیف، خوراک میں تبدیلی اور زیادہ سرگرمی تھی۔