اسلام آباد(آمنہ جنجوعہ) قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس سے قبل پیپلز پارٹی کا سینیٹ پارلیمانی اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، جس کی صدارت سینیٹر شیری رحمان نے کی۔
اجلاس میں سینیٹ کے آج ہونے والے اجلاس کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ پیپلز پارٹی نے حکومت کو سینیٹ میں ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی سینیٹ اجلاس میں آج حکومت کو کوئی بل آسانی سے منظور نہیں کروانے دے گی، جبکہ سینیٹ میں کورم پورا کرنے کی ذمہ داری بھی نہیں لے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی کے سینیٹرز حکومت کی قانون سازی پر بھرپور مؤقف اختیار کریں گے اور اہم معاملات پر اپوزیشن کا مؤثر کردار ادا کریں گے۔پارلیمانی اجلاس میں سینیٹ کی کارروائی سے متعلق آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔