اسلام آباد(جاوید نور)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) میں جاری اصلاحات اور اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے شہریوں کو آسان، مؤثر، شفاف اور جدید ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کو حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو مربوط انداز میں کام کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے تمام سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔
وزیراعظم نے وفاقی حکومت کے ماتحت تمام اداروں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں ای آفس کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارتوں کی ای آفس پر منتقلی آئی ٹی اور ڈیجیٹل اصلاحات کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے، جبکہ سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔
شہباز شریف نے تمام سرکاری املاک کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ سرکاری ریکارڈ کو جدید اور شفاف نظام کے تحت محفوظ بنایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر میں تاخیر پر وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کیا اور منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ٹیکنالوجی پارک کو ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے اور اس کے آپریشنز کو مکمل طور پر آؤٹ سورس کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی رائٹ سائزنگ مکمل کی جا چکی ہے جبکہ اہم عہدوں پر تعیناتیاں شفاف طریقے سے کی جا رہی ہیں۔ بریفنگ کے مطابق تمام وفاقی وزارتیں ای آفس پر منتقل ہو چکی ہیں اور دیگر محکموں و سرکاری ملکیتی اداروں میں بھی اس کے فروغ پر کام جاری ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔