اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل صارفین کو خبردار کیا ہے کہ ایسے واٹس ایپ اکاؤنٹس جو بند، منسوخ یا غیر استعمال شدہ موبائل نمبرز کے ساتھ منسلک ہیں، انہیں بلاک کیا جا سکتا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق غیر فعال موبائل نمبرز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس کا غلط استعمال کرتے ہوئے فراڈ، جعل سازی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیاں کی جا سکتی ہیں، جس کے باعث ایسے نمبرز اور اکاؤنٹس کی نگرانی اور کارروائی کا عمل جاری ہے۔
اتھارٹی نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو صرف ایسے موبائل نمبر کے ساتھ رجسٹرڈ رکھیں جو فعال ہو اور مسلسل ان کے استعمال میں ہو۔
پی ٹی اے نے وضاحت کی کہ اگر کوئی موبائل نمبر طویل عرصے تک استعمال نہ ہو یا منسوخ ہوجائے تو اسے بعد میں کسی دوسرے شخص کے نام پر جاری کیا جا سکتا ہے۔ ایسی صورتحال میں سابق صارف کے واٹس ایپ اکاؤنٹ، ذاتی معلومات اور دیگر ڈیٹا کے غلط استعمال کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔
جن صارفین کے موبائل نمبرز بند یا غیر فعال ہوچکے ہیں، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ واٹس ایپ میں موجود "Change Number" فیچر استعمال کرتے ہوئے اپنا اکاؤنٹ کسی نئے اور فعال نمبر پر منتقل کرلیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد صارفین کے ڈیجیٹل ڈیٹا کو محفوظ بنانا، سائبر فراڈ کی روک تھام اور موبائل نمبرز کے ممکنہ غلط استعمال کے خطرات کو کم کرنا ہے۔
اتھارٹی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے سم کارڈ کی موجودہ حیثیت سے باخبر رہیں اور اگر رجسٹرڈ نمبر فعال نہ ہو تو بروقت واٹس ایپ اکاؤنٹ کو نئے فعال نمبر سے منسلک کرلیں۔