اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے واٹس ایپ نمبر کو فعال اور رجسٹرڈ سم کے ساتھ منسلک کریں۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ غیر فعال، بلاک، ڈی ایکٹیویٹ یا غیر رجسٹرڈ سمز پر چلنے والے واٹس ایپ اکاؤنٹس تک رسائی آئندہ محدود یا بند ہو سکتی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق واٹس ایپ اکاؤنٹ، رابطوں، پیغامات اور ڈیجیٹل شناخت کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ نمبر ہمیشہ ایک فعال اور درست طریقے سے رجسٹرڈ سم کے ساتھ منسلک رہے۔
پی ٹی اے نے صارفین سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر تصدیق کریں کہ ان کا واٹس ایپ نمبر قابلِ استعمال اور فعال سم کے ساتھ منسلک ہے، اور اگر سم غیر فعال ہو چکی ہو تو اکاؤنٹ کو فوری طور پر دوسری فعال سم پر منتقل کیا جائے۔
مزید کہا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر صارفین قریبی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے رجوع کریں، جہاں بائیومیٹرک تصدیق اور سم کی دوبارہ توثیق کا عمل مکمل کیا جا سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ صارفین کو اچانک لاگ آؤٹ کا انتظار نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ موبائل نمبر صرف رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ ڈیجیٹل شناخت کا اہم حصہ بھی ہے۔