Get Alerts

وزیراعظم کی شہریوں کو جدید اور آسان ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی شہریوں کو جدید اور آسان ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے شہریوں کو جدید، آسان اور مؤثر ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنے کے لیے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کو خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے یہ ہدایات اسلام آباد میں این آئی ٹی بی میں جاری اصلاحات اور اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوام کو بروقت، شفاف اور سہل ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مربوط انداز میں کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے لیے سرکاری خدمات کے حصول کو آسان بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے تمام سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ان کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارتوں کو ای آفس نظام پر منتقل کرنا آئی ٹی اور ڈیجیٹلائزیشن کے شعبے میں حکومت کی اہم اصلاحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی حکومت کے تمام ماتحت اداروں اور سرکاری ملکیتی کمپنیوں میں بھی ای آفس کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔

شہباز شریف نے سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے تمام سرکاری املاک کے ریکارڈ کو جلد از جلد ڈیجیٹل شکل دینے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو منصوبے کا تعمیراتی کام فوری مکمل کرنے اور اسے ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کے آپریشنز مکمل طور پر آؤٹ سورس کیے جائیں تاکہ اس کی کارکردگی اور فعالیت کو مؤثر بنایا جاسکے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تنظیم نو اور رائٹ سائزنگ کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے، جبکہ اہم عہدوں پر تقرریاں شفاف طریقہ کار کے تحت کی جا رہی ہیں۔

شرکاء کو بتایا گیا کہ تمام وفاقی وزارتوں کو پہلے ہی ای آفس نظام پر منتقل کیا جاچکا ہے، جبکہ دیگر محکموں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں بھی اس نظام کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے کام جاری ہے۔

اجلاس میں اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر پر ہونے والی پیش رفت سے متعلق بھی وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
 
 
 

ٹیگز: