کراچی: سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ) نے شہر قائد کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں بڑی دہشت گردی کی کارروائی کو ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی نے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر ایک گھر پر چھاپہ مارا، جہاں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار اور تین دہشت گرد زخمی ہو گئے۔ سی ٹی ڈی نے ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جس کے پاس کلاشنکوف اور ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوئے۔ تاہم، زخمی دہشت گرد ہسپتال جاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔
ہلاک دہشت گردوں کی شناخت جلیل عرف فرید، نیاز عرف کنگ اور حمدان عرف فرید کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ ایک دہشت گرد کی شناخت نہیں ہو سکی۔ گھر کے اندر دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کے لیے ڈرموں میں آئی ای ڈی (Improvised Explosive Devices) رکھی گئی تھیں۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے سرچنگ کے دوران ڈیٹونیٹرز، ڈیٹونیٹک وائر اور سرکٹ بھی برآمد کیے اور بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا۔
زخمی پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جن میں ہیڈ کانسٹیبل محمد یوسف اور سپاہی راجہ جنید شامل ہیں۔ سی ٹی ڈی حکام نے مزید دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔
سی ٹی ڈی کے ڈی آئی جی غلام اظفر مہیسر اور ایس ایس پی عرفان بہادر کے مطابق، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق "فتنۃ الہندوستان بشیر زیب نیٹ ورک" سے تھا۔ کارروائی کے دوران 2 سے 3 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔