کینڈی : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ 'بی' کے اہم میچ میں زمبابوے اور آئرلینڈ کے درمیان ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ کینڈی میں ہونے والی یہ بارش آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے جبکہ زمبابوے کے لیے سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کا آسان راستہ بنتی دکھائی دے رہی ہے۔
موجودہ پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کے مطابق اگر بارش کے باعث یہ میچ منسوخ ہو جاتا ہے اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملتا ہے، تو زمبابوے 5 پوائنٹس کے ساتھ براہِ راست سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔
اس صورتحال میں سابق ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا ایونٹ کے پہلے ہی مرحلے سے باہر ہونے کے دہانے پر پہنچ جائے گی، کیونکہ کینگروز کے پاس 3 میچز کھیلنے کے بعد صرف 2 پوائنٹس ہیں۔
گروپ بی سے سری لنکا کی ٹیم پہلے ہی اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔ دوسری ٹیم کے لیے زمبابوے سب سے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئی ہے۔ اگر بارش تھم جاتی ہے اور میچ ہوتا ہے، تو آئرلینڈ کو اپنی بقا کے لیے ہر صورت جیت درکار ہوگی، جبکہ زمبابوے کو صرف ایک پوائنٹ یا فتح کی ضرورت ہے۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ کینڈی کا موسم اس وقت گروپ بی کی قسمت کا فیصلہ کر رہا ہے۔ اگر بادل نہ چھٹے تو زمبابوے کی ٹیم تاریخ رقم کرتے ہوئے سپر ایٹ میں جگہ بنا لے گی، جو آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیم کے لیے ایک بڑا اپ سیٹ ہوگا۔