پالی کیلے : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بڑا اپ سیٹ ہو گیا، سابق عالمی چیمپئن آسٹریلیا سپر ایٹ مرحلے کی دوڑ سے باہر ہو کر ٹورنامنٹ سے رخصت ہو گئی ہے۔ زمبابوے اور سری لنکا سے اپ سیٹ شکستوں کے بعد رہی سہی کسر بارش نے پوری کر دی، جس کے نتیجے میں کینگروز کا سفر گروپ اسٹیج پر ہی ختم ہو گیا۔
آسٹریلیا کے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کا تمام تر انحصار آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان میچ کے نتیجے پر تھا۔ کینگروز کو امید تھی کہ آئرلینڈ زمبابوے کو شکست دے دے گا، جس سے آسٹریلیا کے لیے آگے بڑھنے کی راہ ہموار ہو سکتی تھی۔ تاہم پالیکیلے میں ہونے والا یہ اہم میچ بارش کی نذر ہو گیا اور بغیر کوئی گیند کھیلے منسوخ کر دیا گیا۔
میچ منسوخ ہونے کے باعث زمبابوے اور آئرلینڈ کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔ اس ایک پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ زمبابوے 5 پوائنٹس حاصل کر کے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر گیا، جبکہ آسٹریلیا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں دوڑ سے باہر ہو گئیں۔
2021 کی عالمی چیمپئن ٹیم رواں ایونٹ میں اپنی روایتی فارم دکھانے میں ناکام رہی۔ آسٹریلیا کو اپنے ابتدائی میچوں میں زمبابوے اور سری لنکا کے ہاتھوں غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلیا کے اس وقت صرف 2 پوائنٹس ہیں اور اس کا صرف ایک میچ باقی ہے۔ اگر آسٹریلیا اپنا آخری میچ جیت بھی جائے تو اس کے مجموعی پوائنٹس صرف 4 ہو سکیں گے، جو زمبابوے کے 5 پوائنٹس سے کم ہیں۔