آسٹریلیا کو آخری ٹی 20 میچ میں 16 رنز سے شکست، سیریز 1-4 سے ویسٹ انڈیز کے نام

آسٹریلیا کو آخری ٹی 20 میچ میں 16 رنز سے شکست، سیریز 1-4 سے ویسٹ انڈیز کے نام
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

سینٹ لوشیا: ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کو پانچویں اور آخری ٹی 20 میچ میں شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 1-4 سے اپنے نام کرلی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق گروس آئی لیٹ میں کھیلے گئے آخری ٹی 20میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بناتے ہوئے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 200 رنز کا ہدف دیا۔ 
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایوین لوئس نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 34 گیندوں پر 9 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 79 رنز کی اننگز کھیلی اور اس کے علاوہ انہوں نے سب سے کم ٹی 20 میچز میں 100 چھکے مارنے والے کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ ایوین لوئس نے صرف 42 اننگز میں چھکوں کی سنچری مکمل کی جبکہ اس سے قبل یہ اعزاز کرس گیل کے پاس تھا جو انہوں نے 49 میچز میں بنایا تھا۔
میزبان ٹیم کی جانب سے کپتان نکولس پورن نے 31 جبکہ کرس گیل اور لینڈل سمنز نے 21، 21 رنز بنائے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 3، ایڈم زامپا اور جیسن بہرنڈروف نے 2,2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں کوئی بھی آسٹریلین بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکا اور کپتان ایرون فنچ 34 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دیگر بلے بازوں میں مچل مارش نے 30، میتھیو ویڈ نے 26 اور موزیس ہینرکس نے 21 رنز بنائے۔ 
آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنا سکی اور میچ میں اسے 16 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے اینڈرے رسل اور شیلڈن کاٹرل نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ ہیڈن واش کے حصے میں آئی۔ ویسٹ انڈیز کے ایوین لوئس کو میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ ہیڈن واش کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔