لاہور : پنجاب میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر صوبے بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر جاری بیان میں اس فیصلے کا اعلان کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کئی علاقوں میں جاری طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام سرکاری اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور وہ جذبے اور انتھک محنت سے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو سائرن اور اعلانات کے ذریعے بروقت آگاہی دی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
مزید برآں، مریم نواز نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے ریسکیو ادارے، واسا، محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ محکمے مکمل طور پر الرٹ ہیں، جبکہ نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔