ممبئی :پنجابی موسیقی کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار سدھو موسے والا کی وفات کو تین سال گزر چکے ہیں، لیکن ان کی مقبولیت میں کمی آنے کے بجائے مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ایسے میں ان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے 2026 میں ایک حیران کن عالمی ورلڈ ٹور "Signed to God" کا اعلان کیا گیا ہے، جس نے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا۔
میوزک انڈسٹری کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہو گا کہ کسی مرحوم گلوکار کا عالمی ورلڈ ٹور منعقد کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس ٹور میں سدھو موسے والا کو ڈیجیٹل انداز میں اسٹیج پر "زندہ" دکھایا جائے گا، جہاں وہ اپنے مشہور گانوں پر "لائیو" پرفارم کریں گے۔
منتظمین کے مطابق، اس یادگار ٹور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI)، تھری ڈی ہولوگرام اور آگمینٹڈ ریئلٹی (AR) جیسی جدید ترین ٹیکنالوجیز استعمال کی جائیں گی، جس کے ذریعے سدھو موسے والا کا ڈیجیٹل روپ اسٹیج پر پیش کیا جائے گا۔ یہ ٹیکنالوجی مداحوں کو یوں محسوس کرائے گی جیسے وہ خود سٹیج پر موجود ہیں۔
ماہرین اس اقدام کو میوزک انڈسٹری میں ایک انقلابی قدم قرار دے رہے ہیں، جو ٹیکنالوجی اور جذبات کا حسین امتزاج ہوگا۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ ٹور نہ صرف ایک منفرد تجربہ ہو گا، بلکہ سدھو موسے والا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ایک جذباتی موقع بھی بنے گا۔
فی الحال اس ٹور کے مقامات، تاریخوں اور ٹکٹ کی قیمتوں کے حوالے سے کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ تاہم سوشل میڈیا پر امریکہ، کینیڈا، برطانیہ اور آسٹریلیا سمیت دنیا بھر سے مداحوں نے اس خبر پر شدید جوش و خروش کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو بھارتی پنجاب کے ضلع مانسا میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ ان کی عمر اس وقت صرف 28 برس تھی۔
ان کی موت کے بعد نہ صرف ان کی شہرت میں اضافہ ہوا بلکہ وہ ایک علامتی ثقافتی شخصیت بن کر ابھرے