کیلیفورنیا:میٹا نے اپنی ایپ تھریڈز میں اہم تبدیلی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ ایکس (ٹوئٹر) کے مقابلے میں لانچ کی گئی ہے۔ اب تھریڈز پر انسٹا گرام کی بجائے فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے سائن اپ کرنے کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔
یہ نیا فیچر فی الحال تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہے، لیکن میٹا کے سپورٹ پیج پر اس کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس تبدیلی سے وہ افراد جو انسٹا گرام استعمال نہیں کرتے، انہیں تھریڈز پر اکاؤنٹ بنانا آسان ہو جائے گا۔
میٹا کے مطابق، فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے سائن اپ کرنے سے دونوں ایپس کے فیچرز کو ایک ساتھ استعمال کرنے میں مدد ملے گی، مثلاً ایک ہی لاگ ان کی معلومات دونوں پلیٹ فارمز پر کام کریں گی۔
اگر آپ فیس بک اکاؤنٹ سے تھریڈز پر پروفائل بناتے ہیں تو آپ کا تھریڈز اور فیس بک اکاؤنٹ آپس میں جڑ جائے گا۔
اب تک تھریڈز کے اکاؤنٹس انسٹا گرام سے منسلک ہوتے تھے، جس کی وجہ سے صارفین کی تعداد میں تیزی دیکھی گئی۔ لیکن اب میٹا تھریڈز کو ایک خودمختار ایپ بنانے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
جون 2025 میں میٹا نے تھریڈز میں ڈائریکٹ میسجنگ کا فیچر بھی شامل کیا تھا تاکہ صارفین کو انسٹا گرام ڈائریکٹ میسجز پر انحصار کم کرنا پڑے۔