اسلام آباد :وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب روزانہ کی بنیاد پر شفاف طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا، جبکہ پٹرولیم لیوی میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تیل کی عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا براہِ راست تعلق خطے کی کشیدگی سے ہے۔ ان کے مطابق، حالیہ کشیدگی کے دوران دنیا کے مختلف ممالک میں پٹرول کے حصول کے لیے طویل قطاریں لگ گئیں، تاہم وزیراعظم کی مؤثر پالیسی کے باعث پاکستان میں پٹرول کی قلت پیدا نہیں ہونے دی گئی۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ حکومت نے مختلف ممالک سے فوری کارگو منگوا کر ملک کی توانائی ضروریات پوری کیں، جس کے باعث کسی بھی مرحلے پر توانائی کے بحران کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر 131 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کسی بھی کمپنی کو غیر معمولی منافع کمانے کی اجازت نہیں دی، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک کو مستقبل کی توانائی ضروریات کے پیش نظر تیزی سے الیکٹرک گاڑیوں کی جانب بڑھنا ہوگا۔