ملکی معیشت میں استحکام آچکا ہے، گورنراسٹیٹ بینک

ملکی معیشت میں استحکام آچکا ہے، گورنراسٹیٹ بینک
کیپشن: Image Source: SBP Twitter Account

کراچی: گورنراسٹیٹ بینک ڈاکٹرباقررضا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا معاشی مستقبل روشن ہے،معیشت میں کافی حد تک استحکام آچکا ہے، کفایت شعاری سے بجٹ خسارہ کم ہوگا جس سے بیرونی خسارے میں کمی آنا شروع ہوجائے گی۔

شرح سود اور آئی ایم ایف کے کردار پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے معاشی مستقبل سے پرامید ہیں۔ پاکستان کی معاشی ٹیم ملک میں معاشی استحکام لارہی ہے، ملک میں غیریقینی صورتحال کوختم کرنے کیلیے لوگوں کا اعتماد بحال کرنا ہوگا جس کے لیے بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔ 


گورنراسٹیٹ بینک نے کہا کہ بیرونی اورمالیاتی خسار ے میں بہت حد تک کمی آنا شروع ہوگئی ہے، ہمارا ایکسچینج ریٹ کافی عرصے تک فکسڈ رہا جبکہ ماضی میں حکومتیں اسٹیٹ بینک سے قرضہ لیتی رہی ہیں ۔ رواں مالی سال کیلیے حکومت اسٹیٹ بینک سے کوئی قرضہ نہیں لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترسیلات زربڑھنے سے ایکسچینج ریٹ میں کمی آتی ہےاورمارکیٹ سے منسلک کرنے سے برآمدات میں اضافہ ہوگا، جس کو فکس رکھنا ہمارے  بیرونی خسارے کا سبب ہے۔ ایکسچینج ریٹ متحرک ہونے کے بعد بیرونی خسارہ کم ہونا شروع ہوا ہے، مارکیٹ بیس ایکسچینج ریٹ مقامی صنعت کو تحفظ دیتا ہے، شرح تبادلہ پر اضافی پریشر ہو تو اسٹیٹ بینک مداخلت کرتا ہے۔