راولپنڈی: لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے احاطے سے مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر چودھری تنویر کو پولیس نے اُس وقت گرفتار کر لیا جب عدالت نے ان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کر دی۔
جسٹس صداقت علی خان نے چودھری تنویر کی درخواست ضمانت پر سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے درخواست خارج کر دی، جس کے فوری بعد پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔
چودھری تنویر، چوہدری عدنان قتل کیس میں نامزد ہیں۔ یہ مقدمہ تھانہ سول لائنز میں درج ہے، اور سابق سینیٹر نے اسی مقدمے میں گرفتاری سے بچنے کے لیے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔