Get Alerts

انسٹاگرام پر ری شیئرنگ کا نیا فیچر متعارف

انسٹاگرام پر ری شیئرنگ کا نیا فیچر متعارف

کیلیفورنیا : مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام ایک نیا فیچر متعارف کروانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے تحت صارفین دوسروں کی پبلک پوسٹس کو باقاعدہ اجازت کے ساتھ اپنی فیڈ میں ری پوسٹ کر سکیں گے۔

ٹیکنالوجی سے متعلق ویب سائٹس کے مطابق، یہ فیچر اُن صارفین کے لیے انتہائی کارآمد ہوگا، جو اب تک اسکرین شاٹس لے کر مواد شیئر کرنے پر مجبور تھے۔ اس نئے فیچر کی بدولت اب انسٹاگرام پر شیئرنگ مزید آسان اور باقاعدہ شکل اختیار کر جائے گی۔

انسٹاگرام نے تصدیق کی ہے کہ ری پوسٹ کیے گئے مواد کو الگ ٹیب میں دکھایا جائے گا تاکہ اصل پوسٹ اور ری پوسٹ میں فرق نمایاں رہے۔ مزید یہ کہ صارفین کو اپنی پوسٹس پر پرائیویسی کنٹرول دینے کا اختیار بھی حاصل ہوگا، جس کی مدد سے وہ یہ طے کر سکیں گے کہ کون ان کی پوسٹ کو ری شیئر کر سکتا ہے۔

انسٹاگرام کا ماننا ہے کہ یہ فیچر خاص طور پر اُن کریئیٹرز کے لیے فائدہ مند ہوگا جن کا مواد وائرل ہوتا ہے۔ اس سے نہ صرف انہیں کریڈٹ ملے گا بلکہ ان کی رسائی اور مواد کی قدر میں بھی اضافہ ہوگا۔

یاد رہے کہ انسٹاگرام نے 2022 میں بھی اس فیچر کی آزمائش کی کوشش کی تھی، تاہم اب کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ سہولت مرحلہ وار دنیا بھر کے صارفین کو فراہم کی جائے گی۔ فی الحال اس فیچر کے مکمل اجرا کی کوئی تاریخ نہیں بتائی گئی۔

 
 

ٹیگز: