لاہور: پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے صوبے بھر میں یکم سے 10 محرم تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ پنجاب نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی، تاہم بزرگ شہری، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق صوبے بھر میں اشتعال انگیز تقاریر، نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔