لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے عوامی اجتماعات، مظاہروں اور اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق، دفعہ 144 کا نفاذ دس دن کے لیے کیا گیا ہے۔ اس دوران چار یا اس سے زیادہ افراد کے عوامی مقامات، گلیوں، محلوں یا کھلے میدانوں میں اکٹھا ہونے پر پابندی ہوگی۔
نوٹی فکیشن میں وضاحت کی گئی ہے کہ یہ پابندی نماز، شادی، جنازوں، دفاتر اور عدالتوں پر لاگو نہیں ہوگی۔ تاہم صوبے بھر میں اسلحے کی نمائش، ریلیوں، عوامی جلسوں اور لاوڈ اسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق، یہ اقدام امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ حکم نامہ جاری ہونے کے بعد تمام ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔