کشمیریوں کو حق رائے دہی دینا پاکستان اور انڈیا کیلئے بہتر ہے، وزیراعظم عمران خان

Giving Kashmiris the right to vote is better for Pakistan and India: PM Imran Khan
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق رائے دہی دے کیونکہ کشمیریوں کو حق رائے دہی دینا دونوں ملکوں کیلئے بہتر ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا اسلام آباد میں منعقدہ نیشنل سیکیورٹی ڈائیلاگ کی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ نیشنل سیکیورٹی کے اہداف بہت وسیع ہیں۔ فوڈ سیکیورٹی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں سوچا ہی نہیں جا رہا ہے جبکہ غربت ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج ہے

اس موقع پر انہوں نے ہمسایہ ملک چین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انسانی تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ صرف سال کے عرصہ میں کروڑوں لوگوں کو غربت سے نکالا گیا ہو، یہ کارنامہ سرانجام دینے میں چینی صدر شی جن پنگ تعریف کے مستحق ہیں۔ ہماری بھی سب سے بڑی توجہ اپنی غربت کو ختم کرنے پر مرکوز ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمارے ملک کو محفوظ بنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کا آغاز کیا، موسمیاتی تبدیلیوں کیخلاف اٹھائے گئے اس اقدام کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی، اس کے علاوہ غریبوں کی بہبود کیلئے احساس پروگرام کو بھی سراہا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بائیڈن انتظامیہ بھی یہ بات اچھی طرح سے سمجھتی ہے کہ وہاں مزید جنگ نہیں ہونی چاہیے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں آج سے نیشنل سیکیورٹی ڈائیلاگ شروع ہو گیا ہے جس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان نے کیا۔ اسے قومی سلامتی مشاورتی بورڈ اور قومی سلامتی ڈویژن نے اپنے زیر اہتمام منعقد کیا ہے۔

(بشکریہ نئی بات)