منحرف ارکان قومی اسمبلی کے بعد پی ٹی آئی کی نئی حکمت عملی سامنے آگئی

منحرف ارکان قومی اسمبلی کے بعد پی ٹی آئی کی نئی حکمت عملی سامنے آگئی

 کراچی:سندھ ہائوس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے منحرف ارکان قومی اسمبلی کی موجودگی کی خبر سامنے آنے کے بعد پی ٹی آئی نے نئی حکمت عملی اپنالی۔پی ٹی آئی نے سندھ ہائوس  میں اپنے ارکان سندھ اسمبلی کیلئے کمرے مانگ لیے۔

سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے 26 کمروں کیلئے سیکرٹری سندھ اسمبلی کو خط لکھ دیا ہے،خط میں درخواست کی گئی ہے کہ 25 سے 28 مارچ  تک پی ٹی آئی کے ارکان سندھ اسمبلی کیلئے سندھ ہائوس اسلام آباد میں کمرے بک کیے جائیں۔خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی کو سندھ ہائوس میں کمروں کی فراہمی کیلئے انتظامات کیے جائیں۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے دعوی کیا ہے کہ ان سمیت 24 کے قریب پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی سندھ ہائوس اسلام آباد میں موجود ہیں جبکہ اس کے علاوہ اور بھی بہت سے ارکان یہاں آنا چاہتے ہیں اور ضمیر کے مطابق ووٹ دینا چاہتے ہیں۔سندھ ہائوس میں موجود تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے نام بھی سامنے آگئے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو سندھ ہائوس میں موجود ارکان قومی اسمبلی کی فہرست ایک قومی ادارے کی جانب سے پیش کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے راجہ ریاض، نواب شیر وسیر، رانا قاسم نون، غفار وٹو سندھ ہائوس میں موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ نورعالم خان، ریاض مزاری، باسط بخاری، احمد حسن ڈیہڑ، نزہت پٹھان اور وجیہہ قمر بھی سندھ ہائوس میں موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق مذکورہ ارکان کے علاوہ بھی پی ٹی آئی کے کئی لوگ سندھ ہائوس میں موجود ہیں۔

مصنف کے بارے میں