اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایئف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں 15 مارچ 2026 کو ملک میں ہونے والے تاریخی آئینی ریفرنڈم کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ریفرنڈم میں عوام کا زبردست ٹرن آؤٹ اور نئے آئین کی حمایت صدر توکایئف کی دور اندیش قیادت اور ان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر قازق عوام کے گہرے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ آئینی ترامیم قازقستان میں بہتر طرزِ حکمرانی، ادارہ جاتی استحکام اور قومی ترقی کی راہ ہموار کریں گی۔
وزیراعظم نے صدر توکایئف کے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ پاکستان اس دورے کے دوران طے پانے والے تمام اہم فیصلوں اور مفاہمت کی یاداشتوں (MoUs) پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے وفود جلد ملاقات کریں گے تاکہ اقتصادی اور تجارتی معاہدوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔
دونوں سربراہانِ مملکت نے علاقائی سلامتی، بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے خطے کی مشترکہ خوشحالی کے لیے باہمی روابط اور تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔ اس موقع پر صدر توکایئف نے وزیراعظم شہباز شریف کو رواں سال کے آخر میں قازقستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی جسے وزیراعظم نے بخوشی قبول کر لیا۔
وزیراعظم نے گفتگو کے اختتام پر صدر توکایئف اور قازقستان کے برادر عوام کو عید الفطر کے پرمسرت موقع پر پیشگی مبارکباد دی اور ان کے لیے امن اور خوشحالی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Had a warm and most cordial telephone conversation with H.E. President Kassym-Jomart Tokayev today. I congratulated him on the successful constitutional referendum, reflecting the trust of the Kazakh people in his leadership and reform agenda.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) March 17, 2026
We reaffirmed our shared commitment…