واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بیشتر نیٹو ممالک نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں امریکا کا ساتھ نہیں دیا، جس کے بعد اب امریکا کو کسی بھی اتحادی کی مدد کی ضرورت نہیں رہی۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں واضح کیا کہ امریکا نے خلیج میں تجارتی جہازوں کی حفاظت کے لیے اتحادیوں سے تعاون طلب کیا تھا، خاص طور پر آبنائے ہرمز میں جب آئل ٹینکرز اور تجارتی جہاز خطرات کا شکار تھے۔
انہوں نے کہا کہ نیٹو کے زیادہ تر ممالک نے ایران کے خلاف فوجی آپریشن میں حصہ لینے سے گریز کیا، جبکہ امریکا ہر سال ان اتحادیوں کے تحفظ پر اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے، لیکن ضرورت کے وقت وہ ممالک تعاون نہیں کرتے۔
صدر ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ حالیہ فوجی کارروائیوں میں امریکا نے ایران کی عسکری طاقت کو شدید نقصان پہنچایا، ایرانی بحریہ اور فضائیہ کمزور ہو گئی، دفاعی نظام اور ریڈار تباہ ہو گئے، اور کئی اعلیٰ حکام ہلاک ہو چکے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ امریکا دنیا کی سب سے طاقتور فوجی قوت ہے اور اب اسے کسی ملک کی مدد کی ضرورت نہیں۔ ساتھ ہی کہا کہ عالمی برادری بھی اس بات پر متفق ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔