واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے ایران کی فضائیہ اور بحریہ سمیت تمام فوجی صلاحیتوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے اور عالمی امن کے لیے خطرہ بننے والے 'برے لوگوں' کی ایٹمی کوششیں ناکام بنا دی گئی ہیں۔وائٹ ہاؤس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس وقت دنیا کی طاقتور ترین فوج امریکہ کے پاس ہے جو ایران کے خلاف جنگ میں اپنے مقررہ اہداف سے بھی آگے نکل چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیاہم نے وہ کر دکھایا جو ضروری تھا۔ ایران سے ایٹمی خطرے کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا گیا ہے۔ ہماری افواج نے تہران کی عسکری قوت کو مفلوج کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اتحادی ممالک، خصوصاً نیٹو (NATO) پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اب ان کی مدد کی کوئی ضرورت نہیں رہی۔ انہوں نے کہا نیٹو ممالک احمقانہ غلطی کر رہے ہیں، انہیں مشرقِ وسطیٰ میں ہمارے ساتھ ہونا چاہیے تھا۔آبنائے ہرمز کو کھلوانے میں اتحادیوں نے کوئی مدد نہیں کی، جس پر امریکہ سخت مایوس ہے۔
صدر ٹرمپ نے برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تعاون سے انکار کیا اور اب ہماری جیت کے بعد دو طیارہ بردار بحری جہاز بھیجنے کی پیشکش کر رہے ہیں، جس کی اب کوئی ضرورت نہیں۔