راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) نے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیان کو انتہائی اشتعال انگیز اور خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کے نتائج محدود نہیں رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ ایک سخت ردعمل میں کہا گیا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک اہم اور مسلمہ ایٹمی طاقت ہے، لیکن بھارت آج تک پاکستان کے وجود کو دل سے تسلیم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق، پاکستان کو جغرافیے سے مٹانے جیسی گیدڑ بھبکیاں اور دھمکیاں بھارتی قیادت کے ذہنی دیوالیہ پن اور جنگی جنون کی واضح عکاسی کرتی ہیں۔
"ایک ایٹمی ہمسائے کو مٹانے کی بات کرنا غیر ذمہ دارانہ اور انتہائی خطرناک طرزِ فکر ہے۔ دنیا کی ذمہ دار ایٹمی ریاستیں ہمیشہ تحمل، تدبر اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہیں، لیکن بھارتی رویہ اس کے بالکل برعکس ہے۔" - آئی ایس پی آر
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کی یہ جارحانہ زبان دراصل ماضی میں پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں مسلسل ناکامی کا غصہ ہے، اور 'معرکۂ حق' میں بھارت کی عبرتناک ناکامی اب دنیا کے سامنے پوری طرح بے نقاب ہوچکی ہے۔
پاک فوج نے نئی دہلی کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پورے خطے کو کسی نئی جنگ یا بڑے بحران کی طرف دھکیلنے سے باز رہے۔ پاکستان اپنی خود مختاری کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتا ہے اور کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔