Get Alerts

حیدرآباد میں پٹاخوں کی فیکٹری میں دھماکہ، جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہو گئی

حیدرآباد میں پٹاخوں کی فیکٹری میں دھماکہ، جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہو گئی

حیدرآباد: حیدرآباد میں پٹاخوں کی فیکٹری میں ہونے والے زوردار دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 9 تک پہنچ گئی ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے پانچ افراد سول ہسپتال کراچی منتقل کیے گئے تھے، جن میں سے دو زخمی دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ شیراز اور 35 سالہ نعیم شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے زخمی مزدوروں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور فیکٹری میں حفاظتی انتظامات کا مکمل آڈٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس واقعے کے بعد حیدرآباد کی ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی پٹاخوں کے گوداموں، فیکٹریوں اور ایل پی جی فلنگ پوائنٹس کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین کے مطابق، ان کمیٹیوں کو مارکیٹس، گوداموں اور پوشیدہ مقامات کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کسی بھی غیر قانونی گودام، دکان یا فیکٹری کی نشاندہی پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، اور اگر ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی تو متعلقہ فیکٹریوں اور گوداموں کو فوری طور پر سیل کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، خلاف ورزی کرنے والے تمام مواد کو ضبط کر لیا جائے گا اور مالکان و سہولت کاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو اس کریک ڈاؤن کے لیے ٹاسک سونپ دیا ہے، اور اس حوالے سے ہفتہ وار رپورٹس جمع کرانے اور پیشرفت کے اجلاس بلانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز حیدرآباد میں پٹاخے بنانے والی فیکٹری میں زوردار دھماکہ ہوا تھا جس میں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد یہ کارروائی شروع کی گئی ہے تاکہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

ٹیگز: