Get Alerts

پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرا کر ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کر لیا

پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرا کر ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کر لیا

راولپنڈی : پاکستان نے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 3-0 سے اپنے نام کر لی۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 212 رنز کا ہدف 45ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستان کی طرف سے محمد رضوان نے 61 اور حسین طلعت نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔ فخر زمان 55 رنز بنا کر دوسرے سب سے کامیاب بیٹر رہے، جبکہ بابر اعظم نے 34 رنز کی مدد سے ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی۔ سلمان آغا 6 اور حسیب اللہ خان بغیر کسی رن کے پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کی جانب سے جیفری وینڈرسے نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مہیش تھکشانا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے سری لنکا نے پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 211 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن 46ویں اوور میں مکمل طور پر پویلین واپس لوٹ گئی۔ سری لنکا کی طرف سے سدیرا سمارا وکرما 48 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ کوشال مینڈس نے 34، پاون رتھنا یاکے نے 31 اور کامل مشارا نے 29 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں پاتھم نسانکا نے 24 رنز اسکور کیے، جبکہ کمینڈو مینڈس، مہیش تھکشانا اور پرامود مدھوشن 7،7 رنز کے ساتھ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی بالنگ میں محمد وسیم جونیئر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، حارث رؤف اور فیصل اکرم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین آفریدی اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹیگز: