تہران : ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کے لیے صرف وہ مذاکرات قابل قبول ہیں جو باوقار اور باہمی مفاد پر مبنی ہوں۔ اپنے ایک بیان میں عراقچی نے واضح کیا کہ ایران کسی بھی ایسی بات چیت میں شامل نہیں ہوگا جہاں امریکا برابری اور انصاف کی بنیاد پر مذاکرات کرنے کے لیے تیار نہ ہو۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ امریکا صرف اپنی شرائط ایران پر مسلط کرنا چاہتا ہے اور ایسے مذاکرات بے معنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کسی صورت میں بیرونی دباؤ یا ڈکٹیشن قبول نہیں کرے گا، اور اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد کے لیے ہے۔ عراقچی نے یہ بھی وضاحت کی کہ ایران کی تمام جوہری تنصیبات بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کی نگرانی میں ہیں اور فی الحال ایران میں کسی بھی مقام پر یورینیم کی افزودگی نہیں ہو رہی۔