غزہ : جنوبی غزہ میں اسرائیلی فورسز کے حملے مسلسل جاری ہیں، جن کے نتیجے میں مزید تین فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ اس دوران، اسرائیلی فوج نے نابلس میں بھی فائرنگ کی جس میں ایک نوجوان فلسطینی کی جان گئی۔
جنوبی غزہ میں اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے رفاہ کے شمالی علاقے میں بمباری کی، جس سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا اور بے شمار افراد زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی فورسز نے مزید 15 فلسطینیوں کی مسخ شدہ لاشیں بھی واپس کر دیں، جو حالیہ کارروائیوں میں ہلاک ہوئے تھے۔
عرب میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق، اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ میں شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 69 ہزار 483 ہو گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ ستر ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
غزہ میں شدید بارش کے باعث سیکڑوں خیمے زیرِ آب آ گئے ہیں جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں اور ان کے لیے فوری امداد کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔
بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے فلسطینی عوام کے لیے فوری امداد کی فراہمی کی اپیل کی ہے، اور اسرائیل سے حملوں کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم، اس سنگین انسانی بحران کے حل کے لیے کسی بھی قسم کی ٹھوس بین الاقوامی مداخلت کی ضرورت مزید شدت اختیار کر چکی ہے۔