تہران : ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور ان کے تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کرے گا۔ مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک تنازعات اور تقسیم کو مسترد کرتے ہیں، اور اس طرح کی بے امنی مسلم دشمنوں اور بین الاقوامی سازشوں کا نتیجہ ہے۔
صدر پزشکیان نے حالیہ پاک افغان جھڑپوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن، ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ایران سمیت دیگر خطی ممالک اس کشیدگی سے گہری تشویش کا شکار ہیں، کیونکہ اس سے پورے خطے میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔
مسعود پزشکیان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان کی حکومتوں اور عوام کو اپنے اختلافات کو حکمت اور مفاہمت کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم قوموں کو امن، انصاف اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے کیونکہ ان قوموں کے درمیان عقیدہ اور ثقافت کا ایک مضبوط رشتہ موجود ہے۔
ایرانی صدر نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی حکومتیں اور عوام ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے امن کی راہ پر قدم بڑھائیں گے، جس سے نہ صرف پاکستان اور افغانستان، بلکہ پورے خطے میں امن قائم ہو سکے گا۔