Get Alerts

پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات آج دوحہ میں ہوں گے

پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات آج دوحہ میں ہوں گے

دوحہ : افغان طالبان اور پاکستان کے درمیان اہم مذاکرات آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوں گے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق، طالبان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق، افغان حکومت کے وفد کی قیادت وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد کر رہے ہیں، اور پاکستانی سکیورٹی و انٹیلی جنس حکام بھی اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔

پاکستان کی طرف سے ابھی ان مذاکرات کی تفصیلات عوامی سطح پر شیئر نہیں کی گئی ہیں، تاہم پاکستان کے سرکاری میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ ان مذاکرات کا مقصد پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی کو ختم کرنا ہے۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ مذاکرات ضرور ہو رہے ہیں، لیکن وقت اور مقام کی تفصیلات نہیں بتائی گئی۔

قبل ازیں  ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوں گے۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا تھا کہ قطر نے دونوں ممالک کے درمیان اس کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش کی ہے، اور وہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے کے لیے فریقین سے بات کرنے کو تیار ہیں۔

دوسری جانب، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر عبدالعزیز الخلیفی نے ایک پیغام بھیجا ہے، جس میں انہوں نے پاکستان کے علاقائی امن و سلامتی میں تعمیری کردار کی تعریف کی۔ اسحاق ڈار نے قطر کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن کے فروغ میں اس کے مثبت کردار کا اعتراف کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان عارضی جنگ بندی کا معاہدہ آج شام چھ بجے ختم ہو رہا ہے، اور اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: