شمالی وزیرستان : شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز نے ایک خودکش حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے چار مبینہ خوارج ہلاک کر دیے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک مشکوک گاڑی بارود سے بھری ہوئی کیمپ کی بیرونی دیوار سے ٹکرائی اور اس کے نتیجے میں دھماکہ ہوا۔
دھماکے کے بعد تین دیگر مسلح افراد نے کیمپ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز کی فوری کارروائی میں وہ بھی ہلاک ہو گئے۔ سکیورٹی حکام کے بقول فورسز کو کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں پہنچا۔
سکیورٹی اداروں کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران افغان طالبان کی حمایت یافتہ کارروائیوں میں ملوث مجموعی طور پر 88 مشتبہ خوارج ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے اعلان کیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک کے دفاع اور امن و امان کی بحالی تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔