Get Alerts

وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا دورۂ امریکہ،جاپان کے بینک برائے بین الاقوامی تعاون کے گورنر سے ملاقات

وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا دورۂ امریکہ،جاپان کے بینک برائے بین الاقوامی تعاون کے گورنر سے ملاقات

واشنگٹن : وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے دورۂ امریکا کے دوران جاپان کے بینک برائے بین الاقوامی تعاون (جے بی آئی سی) کے گورنر نوبومیتسو ہایاشی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پر بات چیت کی گئی۔ وزیرِ خزانہ نے اس موقع پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد اور تحفظ کو اہمیت دینے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا اور پائیدار معاشی استحکام کے حصول کے لیے اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیرِ خزانہ نے ریکوڈک منصوبے کے لیے جے بی آئی سی کی شمولیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے جاپانی کاروباری حلقوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع کے حوالے سے مثبت پیغام ملے گا۔

دورے کے دوران، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں جے پی مورگن انویسٹمنٹ سیمینار سے خطاب کیا اور پاکستان کی مالیاتی پالیسی، مانیٹری اصلاحات، اور بیرونی شعبوں میں حالیہ پیشرفت پر تفصیل سے بات کی۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ملکی معیشت میں آنے والے مثبت رجحانات کا ذکر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا معاشی استحکام مزید بہتر ہو رہا ہے۔

علاوہ ازیں، وزیرِ خزانہ نے ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں بھی شرکت کی، جس کا موضوع "اختراعات کے ذریعے جامع اور پائیدار ترقی" تھا۔ اپنے خطاب میں، وزیرِ خزانہ نے ٹیکنالوجی کی ترقی اور ایف بی آر میں جاری اصلاحات کو معاشی ترقی کے ایک اہم جز کے طور پر اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے نہ صرف حکومتی کارکردگی میں بہتری آئی ہے بلکہ ترقی پذیر ممالک میں چھوٹے کسانوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ممکن ہوا ہے۔

وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔ دونوں ممالک نے آئی ٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، جس سے نہ صرف اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوگا بلکہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

وزیرِ خزانہ کے دورے کا مقصد پاکستان کی عالمی سطح پر اقتصادی پوزیشن کو اجاگر کرنا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولنا تھا، تاکہ ملک میں معاشی استحکام اور ترقی کے امکانات مزید روشن ہوں۔

ٹیگز: