اسلام آباد :وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھ کر سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینے کی درخواست کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے خط میں کہا ہے کہ وہ پہلے بھی وفاقی وزیر داخلہ اور پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ کو ملاقات کے لیے خط لکھ چکے ہیں، مگر ان کی کوششوں کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہیں ہو سکی۔
انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ بطور منتخب وزیراعلیٰ اور ساڑھے چار کروڑ عوام کے نمائندے، ان کا آئینی اور اخلاقی فرض ہے کہ وہ اپنی جماعت کے پیٹرن اِن چیف سے رہنمائی حاصل کریں۔
سہیل آفریدی نے چیف جسٹس پاکستان سے درخواست کی ہے کہ اڈیالہ جیل حکام کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ وہ اپنی سیاسی جماعت کی رہنمائی کر سکیں۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے بھی عدالت سے سہیل آفریدی اور عمران خان کے درمیان ملاقات کے لیے رجوع کر لیا ہے۔