اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ زید بن ہمدان کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور شیخ محمد بن زید النہیان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ شیخ زید پاکستان کے سچے اور مخلص دوست تھے، اور شیخ محمد بن زید ہمیشہ پاکستان کے لیے سوچتے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ محمد بن زید پاکستان کے ساتھ مشترکہ منصوبے اور تجارت کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور ان کا دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
شہباز شریف نے مشترکہ منصوبوں کو دونوں ملکوں کے مفاد میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ جی ٹو جی فریم ورک کے تحت طے پانے والا معاہدہ ایک اچھے سفر کا آغاز ہے جو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔