لاہور: ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ شہر میں آج کے روز تمام حالات مکمل طور پر معمول کے مطابق رہے، کسی بھی قسم کی ہڑتال یا احتجاج سے معمولات زندگی متاثر نہیں ہوئے۔
نیو ٹی وی کے پروگرام "لائیو ود نصر اللہ ملک" میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کاروبار، تعلیمی ادارے، سکول، کالجز اور یونیورسٹیز سمیت تمام سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض جعلی تنظیموں کی جانب سے ہڑتال کی کالز دی گئیں، جنہیں شہریوں نے مکمل طور پر مسترد کر دیا۔
ڈی آئی جی کے مطابق تاجروں نے بھی ہڑتالی عناصر سے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا اور مارکیٹیں معمول کے مطابق کھلی رہیں۔ فیصل کامران نے کہا کہ "شہریوں نے حکومت کا بھرپور ساتھ دیا، کوئی باہر نہیں نکلا۔ عوام اب پرتشدد اور احتجاجی سیاست سے نجات چاہتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں کہیں بھی دکانیں بند کرانے یا ٹرانسپورٹ روکنے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔ فیصل کامران نے واضح کیا کہ آئین پرامن احتجاج کی اجازت دیتا ہے، تاہم املاک کو نقصان پہنچانا، پولیس اہلکاروں کو شہید کرنا یا آگ لگانے جیسے اقدامات کسی صورت قابل قبول نہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پرتشدد احتجاج کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے اور اس قسم کی سرگرمیوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔