وزیراعظم سے آئی ایم ایف کے وفد کی ملاقات، معاشی امور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم سے آئی ایم ایف کے وفد کی ملاقات، معاشی امور پر تبادلہ خیال
کیپشن: وزیراعظم نے حکومت کے معاشی اصلاحاتی کے اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا۔۔۔۔۔۔فوٹو/ عمران خان آفیشل فیس بُک پیج

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے آئی ایم ایف کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم کی معاونت کے لیے مشیر خزانہ، گورنراسٹیٹ بینک اور سیکریٹری خزانہ موجود تھے جب کہ آئی ایم ایف وفد کی قیادت ڈائریکٹر مڈل ایسٹ و سنٹرل ایشیاء جیہاد آزور کر رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد کی مالیاتی پیکج کی معاونت کے بعد حکومتی اقدامات پر بات چیت ہوئی جب کہ وزیراعظم نے حکومت کے معاشی اصلاحاتی کے اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا۔

دوسری جانب مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے بھی آئی ایم ایف کے وفد نے ملاقات کی جس میں ملک کی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورت حال اور قرض پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جب کہ مشیر خزانہ نے آئی ایم ایف وفد کو معاشی استحکام کیلئے اقدامات پر بریفنگ بھی دی۔

آئی ایم ایف وفد کو بتایا گیا کہ کرنٹ اکاؤنٹ اور تجارتی خسارے میں کمی آ رہی ہے۔ موجودہ سال نان ٹیکس ریونیو کی مد میں 1000 ارب روپے حاصل ہونے کا امکان ہے اور سرکاری اداروں کے نقصانات میں کمی کیلئے نجکاری کا عمل تیز کیا جائے گا۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ نجکاری کی ایکٹیو لسٹ میں مزید 10 ادارے شامل کیے گئے ہیں جبکہ غیر ضروری اخراجات میں کمی اور ریونیو میں اضافہ کیا جائے گا۔ موجودہ سال معاشی ترقی کا ہدف پورا کیا جائے گا۔